پاکستان
Time 08 فروری ، 2023

پارلیمنٹ اجلاس: ترکیہ اور شام زلزلہ متاثرین کیلئے دعا، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد، پشاور  خودکش حملے میں شہید سکیورٹی اہلکاروں اور کوہستان حادثے میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کر لی گئی۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے مشترکہ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ترکیہ برادر اسلامی ملک ہے، ترکیہ نے ہر مشکل موقعے پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ میں زلزلے سے ہزاروں افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، پاکستانی قوم کی جانب سے اظہار تعزیت پیش کرتے ہیں۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امورکی جانب سے برادر ممالک کے شہداء کی مغفرت اور دونوں ممالک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا کی گئی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں سے اظہار  یکجہتی کیلئے پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ مشترکہ ایوان 5 اگست 2019 سے بھارت کی یک طرفہ اور غیرقانونی کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کی آبادکاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے اور مسئلہ کشمیر پر اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت ہائی کمشنر انسانی حقوق کی رپورٹ میں سفارشات کے مطابق انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کی اجازت دے اور 5 اگست 2019 کے اپنے غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات اور اس کے بعد اقدامات کو کالعدم قرار دے۔

مزید خبریں :