09 فروری ، 2023
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے انعقاد کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے 90 دن میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر شعیب شاہین کی جانب سے درخواست سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری کے ذریعے دائر کی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور گورنرز پنجاب و کے پی کو انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا حکم دے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ حکم دےکہ 90 دن کی آئینی مدت کے اندر انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی درخواست میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ درخواست میں وفاق اور دونوں صوبائی چیف سیکرٹریز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔