09 فروری ، 2023
ملتان میں عدالت نے الیکشن کمیشن آفس میں جھگڑے کا مقدمہ کمزور بنیادوں پر درج ہونے کے باعث خارج کر تے ہوئے تمام ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
پولیس کی جانب سے ملتان الیکشن کمیشن آفس میں جگھڑے کے بعد گرفتار کیے گئے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے گرفتار کارکنان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، سول جج نے گرفتار تمام افراد کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ملتان میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنان میں جھگڑے کے بعد الیکشن کمیشن کا آفس میدان جنگ بن گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کے بعد ملتان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما عامر ڈوگر سمیت 10 کارکنان جبکہ ن لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی رانا محمود الحسن اور ن لیگی امیدوار شیخ طارق رشید کو حراست میں لیا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے محمود الحسن کو رہا کر دیا تھا، اس حوالے سے پولیس نے مؤقف اپنایا تھا کہ جھگڑے کے وقت رانا محمود الحسن الیکشن کمیشن آفس میں موجود نہیں تھے۔