Time 08 فروری ، 2023
پاکستان

ملتان الیکشن کمیشن آفس پر ہنگامہ آرائی: پی ٹی آئی اور لیگی رہنما و کارکنان گرفتار

ملتان  میں الیکشن کمیشن کے دفتر پر ہنگامہ آرائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملتان میں آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنان میں جھگڑا ہوگیا جس کے بعد الیکشن کمیشن کا آفس میدان جنگ بن گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کے بعد ملتان پولیس  نے کارروائی کی اور پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کے ڈیرے پر چھاپا مارا۔

پولیس نے ڈیرے سے 10 کارکنوں کو حراست میں لیا۔ اس دوران عامر ڈوگر نے بھی کارکنوں کے ہمراہ گرفتاری دینے پر اصرار کیا اور کہا کہ کارکنوں کوحراست میں لیا ہے تو میں بھی آپ کے ساتھ چلوں گا۔

سٹی پولیس آفیسر ملتان کے مطابق حراست میں لیے گئے کارکنوں پر الیکشن کمیشن میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے، عامر ڈوگر کی گرفتاری کے احکامات نہیں تھے، انہوں نے خود گرفتاری دی۔

دوسری جانب پولیس نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی رانا محمود الحسن کو بھی گرفتار کرلیا، وہ بھی ملتان الیکشن آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے گئے تھے۔ تاہم بعد ازاں انہیں رہا کردیا اور پولیس نے مؤقف اپنایا کہ جھگڑےکے وقت رانا محمود الحسن الیکشن کمیشن میں موجود نہیں تھے۔

پولیس نے ن لیگی امیدوار شیخ طارق رشید کو حراست میں لے لیا، انہوں نے آج این اے 155 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ 

مزید خبریں :