پاکستان
16 دسمبر ، 2012

الطاف حسین پرامن اور خوشحال پاکستان کے خواہاں ہیں،خالد مقبول صدیقی

الطاف حسین پرامن اور خوشحال پاکستان کے خواہاں ہیں،خالد مقبول صدیقی

واشنگٹن ڈی سی… ایم کیو ایم امریکہ کے زیر اہتمام دو روزہ نواں ششماہی کنونشن ڈیٹرائٹ میں شروع ہو گیا ہے۔ کنونشن کو اوورسیز پاکستانیزکنونشن کا نام دیا گیا ہے جس میں امریکہ کے اٹھارہ سے زائد شہروں سے آئے ہوئے ایم کیو ایم امریکہ کے ذمہ داران، کارکنان اور ہمدرد وں کے علاوہ نارتھ امریکہ کے نگران اعلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، نگران عبادالررحمان اور سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی بھی شریک ہیں۔جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی شرکت کر رہی ہے۔ کنونشن میں اوورسیز پاکستانیوں کی مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے کوششوں اور خدمت کو اجاگر کیا جائیگا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اوورسیز پاکستانیزکنونشن کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا،اور اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے کنونشن منعقد کرکے نہ صرف ایک نئی روایت کو جنم دیا ہے بلکہ بیرون ملک آباد لاکھوں پاکستانیوں کو ایک فورم بھی مہیا کر دیا ہے کہ جہاں سے وہ اپنے جائز حقوق اور مطالبات کے لئے آواز بلند کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھر سے آئے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے وفود اور تنظیموں کی شرکت نے کنونشن کی پیشگی کامیابی کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے خواہاں ہیں جس کے لئے پاکستان میں بسنے والے اٹھارہ کڑوڑ عوام کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ نگران ایم کیو ایم نارتھ امریکہ عبادالررحمان نے کنونشن کی افادیت پر روشنی ڈالی اور اسے اوورسیز پاکستانیوں کا متحدہ فورم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے کنونشن نے ثابت کردیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان میں صرف حق پرستوں کی نہیں بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کی بھی نمائندہ جماعت ہے۔ سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ڈیٹرائٹ چیپٹر کے ذمہ داران اور کارکنان کی جانب سے کئے جانے والے شاندار انتظامات کو سراہا ۔ اس موقع پر ڈیٹرائٹ چیپٹر کے انچارج محمد نظام نے کنونشن میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اور سانحہ قصبہ و علیگڑھ کے شہداء کے لئے خصوصی دعاء کرائی کنونشن کے دوسرے روز کے پہلے سیشن میں تنظیمی پروگرام جبکہ دوسرے سیشن میں عوامی پروگرام منعقد کیا جائیگا۔

مزید خبریں :