14 فروری ، 2023
ملک میں ایندھن کی کمی کے باعث جنرل ایوی ایشن کو مشکلات کا سامنا ہے، ایندھن کی قلت سے ایدھی ائیر ایمبولینس سمیت ملک بھر میں 157 طیارے گراؤنڈ ہوگئے اور 12 فلائنگ اسکولوں کی سرگرمیاں بند پڑی ہیں۔
ایدھی ائیر ایمبولینس کے طیارے کو ٹیسٹ فلائٹ کیلئے ہینگرسے نکالا گیا لیکن پھر ایندھن کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے پرواز ملتوی کردی گئی۔
چھوٹے طیاروں میں اے وی گیسولین بطور ایندھن استعمال ہوتا ہے۔ ملک بھر میں جنرل ایوی ایشن کے طیاروں کو تین ماہ سے ایندھن کی کمی کا سامنا ہے۔ فلائنگ اسکولز اور ایوی ایشن انجینئرنگ سمیت جنرل ایوی ایشن کی دیگر سرگرمیاں بند ہونے سے روزگار کے ذرائع بھی ختم ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چھوٹے طیاروں کا 72 ہزار لیٹر ایندھن دسمبر سے کراچی کی بندرگاہ پر پڑا ہے لیکن ایل سی نہ کھلنے کی وجہ سے ناصرف ایدھی ائیرایمبولینس سمیت 157 طیارے گرؤانڈ ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلسل تاخیر سے ڈیمریج اور دیگر واجبات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اور طیاروں کا ایندھن 320 روپے فی لیٹر سے بڑھ 850 روپے فی لیٹر تک جاپہنچا جس کے باعث پہلے ہی مشکلات سے دوچار جنرل ایوی ایشن ایک نئے بحران میں گھر گئی ہے۔