21 فروری ، 2023
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ہدایت کی ہے کہ تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔
وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی زیرصدارت ملک میں امن وامان کی صورتحال کےحوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اوراسلام آباد کے آئی جیز سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کی جیل بھروتحریک کے تناظرمیں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کویقینی بنایا جائے گا اور قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے اور اسے ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں واضح کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ جیل بھرو تحریک کے اصل مقاصد ایک ڈرامہ رچانا، میڈیا کی توجہ حاصل کرنا ہے، جیل بھروتحریک کا مقصد امن وامان کی صورتحال متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف شواہد اکٹھے کرکے عوام کے سامنے لائے جائیں، خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔
وزیرداخلہ نے کراچی میں دہشت گردی کا حملہ پسپا کرنے میں آئی جی سندھ اورپولیس فورس کو سراہا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کل سے لاہور میں شروع ہوگی۔