21 فروری ، 2012
دبئی…پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چوتھے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے انگلینڈکو جیت کے لیے 238رنز کا ہدف دیا ہے، اس سے قبل گرین شرٹس قائد مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری پاکستانی ٹیم اپنے مقررہ پچاس اوورز میں 4.74کی اوسط سے 237رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے نوجوان بیٹسمین اظہر علی 58،اسدشفیق 65اورکپتان مصباح الحق 46قابل ذکر بیٹسمین تھے۔اوپنر حفیظ 1کے آؤٹ ہونے کے بعد اظہر علی اور اسد شفیق کے درمیان 111کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس کے باعث پاکستان کا مجموعہ مستحکم ہوا۔انگلینڈ کی جانب سے نوجوان میڈیم پیسر جیڈ ڈیرن باخ سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے اور انھوں نے چار وکٹیں اپنے نام کیں۔ انکے علاوہ اسٹیون فن اور برگس نے دو دو جبکہ بریسنان نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ ابتدائی تینوں میچز جیت کر انگلینڈ سیریز پہلے ہی 3-1سے جیت چکا ہے تاہم آج کے میچ کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کہ انگلینڈ جو کہ ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست سے دوچار ہوچکا ہے کیا وہ ون ڈے سیریز میں پاکستان کو ایسی ہی شکست سے دوچار کرتا ہے یا نہیں۔