18 دسمبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے اپنے ایک خصوصی اورہنگامی بیان میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن اورایم کیوایم کے تمام زونوں، سیکٹروں ،یونٹوں اورتنظیمی شعبہ جات کے کارکنوں اورذمہ داروں کوہدایت کی ہے کہ وہ عدلیہ کے بارے میں اپنے غم وغصہ پر صبروتحمل سے کام لیکر آئندہ کے تمام طے شدہ احتجاجی مظاہرے فوری طورپر منسوخ کردیں اور عدلیہ کے بارے میں کسی بھی قسم کی ہرزہ سرائی اورنامناسب الفاظ کااستعمال ہر گز نہ کریں۔ الطاف حسین نے کارکنوں اورعوام سے پرذور اپیل کی کہ وہ 7جنوری کو عدالت عظمیٰ کے تقدس کی خاطرسپریم کورٹ نہ جائیں اوراس روز صرف اورصرف ایم کیوایم کے قانونی و آئینی ماہرین کو ہی پیش ہونے دیں کیونکہ میں نہیں چاہتاکہ عدالتوں کاوقارمجروح ہواوراس کاتقدس پامال ہو،میں تصادم کی اورمحاذآرائی کی راہ اختیارکرنانہیں چاہتا۔الطاف حسین نے کہاکہ ملک کے موجودہ حالات کومدنظر رکھتے ہوئے ملک کی بہتری اورسلامتی کی خاطرمیں کسی قسم کے تصادم کیلئے اپنی ذات کووجہ ہرگزنہیں بناوٴں گا۔ لہٰذا میری ایک ایک کارکن اورہمدرد سے اپیل ہے کہ وہ صبروتحمل سے کام لیں ، ہرقسم کے احتجاج سے گریز کریں اورپہلے سے طے شدہ تمام احتجاجی مظاہروں کو برائے مہربانی منسوخ کردیں۔