08 مارچ ، 2023
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دینے کے لیے مزید ایک ہفتہ مانگ لیا۔
گورنر غلام علی نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں آنے والی کمیٹی سے کہا کہ وہ اگلے ہفتے آکر ملیں گے، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے گورنر کے پی پر واضح کیا کہ وہ الیکشن کی تاریخ دینے کے پابند ہیں، گورنر تاریخ دیں تاکہ 90 دن میں انتخابات کرائے جا سکیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں انتخابات کی تاریخ دینا عید کا چاند دیکھنے سے بھی مشکل کام ہے، الیکشن کمیشن کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں پیشرفت ہوئی ہے، انتخابات کی تاریخ سے متعلق قوم جلد خوشخبری سنے گی۔
گورنر غلام علی کا کہنا تھا پیر یا منگل کو الیکشن کمیشن کے دفتر جاؤں گا، الیکشن کمیشن کے ساتھ اجلاس میں کسی فیصلے پر پہنچ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا پنجاب سے خیبرپختونخوا میں ہونے والے الیکشن مختلف ہیں، صوبے میں امن و امان کی صورت حال پنجاب سے مختلف ہے، ایسا کوئی دن نہیں گزرا کہ یہاں کوئی حملہ نہ ہو، ایسا فیصلہ کریں جس سے عوام مشکل میں نہ پڑیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے الیکشن شیڈول جاری کر دیا ہے، کاغذات نامزدگی 12 سے 14 مارچ تک جمع کرائے جا سکیں گے اور صوبے میں انتخابات 30 اپریل کو ہوں گے۔