08 مارچ ، 2023
سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد اور کوئٹہ میں درج تین مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
عمران خان نے تھانہ رمنا اسلام آباد کے 2 مقدمات اور کوئٹہ کے ایک مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی۔
انہوں نے بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کیں جس میں آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ تھانہ رمناکی دونوں ایف آئی آرمیں دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں اور کوئٹہ میں مقدمہ پیکا قانون کی دفعات کے تحت درج ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان ضمانت کیلئے عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں مگر پولیس نےغیرقانونی حراست کیلئے زمان پارک رہائش گاہ کو گھیر رکھا ہے لہٰذا آئی جی پنجاب کو کہاجائے پولیس رکاوٹ نہ ڈالے۔
درخواست کے متن کے مطابق 22 واں وزیراعظم بننے کے بعد ملک کو ادائیگیوں کے بحران سے بچانے کیلئے بروقت آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، امریکا اور افغان طالبان کے مابین بات چیت کرائی اور امریکی افواج کا افغانستان سے انخلا یقینی بنایا، کورونا کیلئے انتظامات پر دنیا نے تعریف کی، سیاسی مخالفین نے جھوٹے مقدمے درج کرائے ہیں۔