22 فروری ، 2012
دبئی…انگلینڈ نے پاکستان کو چوتھے اور آخری ایک روزہ میچ میں چار وکٹ سے شکست دیکر نہ صرف میچ میں کامیابی حاصل کی بلکہ اس نے پاکستان ٹیم کو اس ایک روزہ سیریز میں 4-0سے شکست دیکر وائٹ واش کردیا۔اس طرح اس نے ٹیسٹ سیریز میں اپنی وائٹ واش شکست کا بدلہ بھی چکادیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کے لیے 238 کا ہدف دیا تھا ، انگلش ٹیم نے جب ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسکی پہلی وکٹ صرف 4پر گرگئی اور بعد ازاں وقفے وقفے سے یہ سلسلہ جاری رہا اور 68پر اسکے چار صف اول کے بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے ،لیکن اس مرحلے پر انگلش ٹیم کے مرد بحران کا کردار اسکے سب سے زیادہ قابل اعتماد بیٹسمین کیون پیٹرسن 130نے ادا کیا اور نہ صرف اپنی شاندار سنچری داغی بلکہ اپنی ٹیم کی کامیابی کو بھی یقینی بنایا، انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا،اس مرحلے پر انکا بھرپور ساتھ کیسویٹر 43نے دیا اور دونوں کے درمیان 109رنز کی طویل شراکت بھی قائم ہوئی ۔آج انگلش کپتان کک4گزشتہ میچوں والی اننگز تراشنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔تاہم پیٹرسن نے رنز بنانے کی ذمہ داری خود سنبھال لی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔انگلش ٹیم نے پاکستانی ہدف 49.2اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے تین،جنید خان اور عبدالرحمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔تجربہ کار اسپنر شاہد آفریدی آج کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب ٹی 20سیریز کا آغاز جمعرات کو دبئی سے ہوگا۔