22 فروری ، 2012
قندھار … قندھار امن کونسل کے سربراہ عطا محمد احمدی کاکہناہے کہ افغان حکام پاکستان میں طالبان سے مذاکرات کررہے ہیں۔قندھارمیں غیرملکی خبرایجنسی سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے دعویٰ کیا کہ افغان حکام طالبان کی دوسرے درجے کی قیادت سے کوئٹہ میں ملاقاتیں کررہے ہیں، گزشتہ دس دنوں میں قندھار امن کونسل کے وفد نے طالبان رہنماوٴں سے تین ملاقاتیں کی ہیں، عطا محمد احمدی نے کہا کہ اسلام آ بادکی جانب سے مثبت اشارہ ہے کہ وہ افغان امن کی کوششوں کی حمایت کررہاہے۔دوسری جانب افغان صدرحامد کرزئی طالبان کوبراہ راست مذاکرات کی دعوت دیدی ہے۔کابل سے جاری ایک بیان میں صدرکرزئی نے کہاہے امن عمل کے معروضی حقائق کے پیش نظر وہ طالبان قیادت کو دعوت دیتے ہیں کہ افغان حکومت سے براہ راست مذاکرات کریں۔انھوں نے پاکستانی حکومت سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ طالبان سے ڈائریکٹ بات چیت کیلیے افغان حکومت کو مدد فراہم کرے۔کیونکہ پاکستان کی حمایت اورتعاون مذاکرات میں کامیابی کیلیے انتہائی اہم ہے۔