19 دسمبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ میں عدلیہ سمیت تمام اداروں کا دل سے احترام کرتاہوں اورکسی سے بھی محاذآرائی نہیں چاہتا یہی وجہ ہے کہ میں نے ایم کیوایم کے کارکنوں کو تمام احتجاجی مظاہرے منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے یہ بات آج کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر رابطہ کمیٹی اور اسلام آبادمیں ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہاکہ اس وقت ملک جس نازک صورتحال سے دوچارہے اس میں محاذآرائی کسی بھی طرح ملک کے مفادمیں نہیں ہے اور ملک کی موجودہ صورتحال میں ہمیں ملک کاعظیم مفادپیش نظر رکھناچاہیے اورپارٹی یاذاتی مفادات سے بالاترہوکرسوچناچاہیے ۔ انہوں نے ایم کیوایم کے ذمہ داران اورارکان پارلیمنٹ کوایک مرتبہ پھرہدایت کی کہ وہ اپنی گفتگومیں کوئی ایسی بات نہ کریں جس سے عدلیہ کی توہین ہوتی ہویااس کے تقدس پر کوئی آنچ آتی ہو۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور ارکان پارلیمنٹ سے کہاکہ وہ23 دسمبرکولاہورمیں مینارپاکستان پر تحریک منہاج القرآن کے جلسہ میں شرکت کریں اوراس کی کامیابی کے سلسلے میں تعاون کریں۔