18 مارچ ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے فائنل کے ہیرو شاہین شاہ آفریدی نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی اپنے خوب جوہر دکھائے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کے فائنل میں قلندرز کی بیٹنگ کے دوران ایک موقع پر 15 ویں اوور میں 112 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو ایسا لگ رہا تھا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم 20 اوورز میں بمشکل 180 رنز ہی کر پائے لیکن اس موقع پر ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے دلیرانہ فیصلہ لیا۔
سکندر رضا کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے ڈیوڈ ویسا گراؤنڈ میں جانے کے لیے تیار تھے کہ اسی دوران شاہین شاہ آفریدی خود ڈریسنگ روم سے نیچے آئے اور بیٹنگ کے لیے چلے گئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے آتے ساتھ ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 5 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے دھواں دھار 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پھر بولنگ کی باری آئی تو پہلے دو اوورز میں شاہین شاہ آفریدی کافی مہنگے ثابت ہوئے اور بغیر کوئی وکٹ لیے 39 رنز دے دیے لیکن آخری دو اوورز میں ناصرف چار اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا بلکہ خوشدل شاہ کو آخری گیند پر رن آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو ٹائٹل کا دفاع کروانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
ملتان سلطانز کے خلاف فائنل میں جیت پر شاہین شاہ آفریدی سوشل میڈیا پر بھی ٹرینڈ کرنے لگے۔