پاکستان
22 فروری ، 2012

وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہو گی

وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد … سپریم کورٹ کے این آر او فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج پھر ہو گی ، اٹارنی جنرل پاکستان مولوی انوارلحق اوپن کورٹ میں دستا ویزی شہادتیں ریکارڈ کرائیں گے۔وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سات رکنی بینچ کرے گا ۔ بینچ نے 13 فروری کو وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر عدالتی فیصلے کا مذاق اڑایا ، فیصلے کی تحقیر کی اور خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ،ان کا یہ عمل آئین پاکستان اور توہین عدالت قانون کے مطابق قابل سزا ہے۔یوسف رضا گیلانی نے فرد جرم کا دفاع کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر عدالت نے اٹارنی جنرل کو پراسیکیوٹر مقرر کرتے ہوئے انہیں 16فروری تک شواہد عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی، جو انہوں نے مقررہ وقت پر عدالت میں جمع کرادیے۔ وزیر اعظم کے وکیل اعتزازاحسن کو 27 فروری کو اپنے دفاع میں شہادتیں اور گواہو ں کی فہرست دینا ہو گی ،جبکہ 28فروری کو ہونے والی سماعت میں یہ شہادتیں ریکارڈ کی جائیں گی۔

مزید خبریں :