20 دسمبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاہے کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیاجائے اور مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے کیے جانیوالے مذاکرات میں کشمیریوں کی نمائندگی کوشامل کیاجائے،ایم کیوایم کاغیرمشروط تعاون کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔انہوں نے یہ بات آج آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق اوران کے ہمراہ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو آنے والے کشمیری رہنماؤں سے ٹیلی فون پرگفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پررابطہ کمیٹی کے ارکان،حق پرست صوبائی وزراء،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے علاوہ کشمیرکمیٹی کے ذمہ داران بھی موجودتھے۔الطاف حسین نے کہاکہ میں کشمیری عوام کے دکھ دردمیں برابرکا شریک ہوں اورانہیں غیرمشروط تعاون کی پیشکش کرتا ہوں۔ میں کشمیری عوام پرڈھائے جانیوالے ریاستی مظالم کی المناک داستانوں پر خون کے آنسوروتاہوں اوراپنے خطابات اورتقاریرمیں مظالم کی مذمت اوران کاشکار کشمیری عوام سے بارہا اظہاریکجہتی کرتارہاہوں۔انہوں نے کہاکہ میری کشمیری عوام سے ایک التجا ہے کہ وہ آپس میں اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کریں کیونکہ کسی بھی تحریک کی کامیابی کیلئے جبکہ اس کے مدمقابل قوت وسائل سے مالامال ہواس سے نمٹنے کیلئے اتحاد،منظم اورمتفقہ قیادت کاہوناضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ جولوگ کشمیریوں کے مظالم پر خاموشی کا مجرمانہ عمل کررہے ہیں مجھے ان پرافسوس ہے اگرایم کیوایم کی حکومت تمام صوبوں میںآ جائے توایم کیوایم کشمیریوں کامسئلہ ان کے امنگوں کے مطابق حل کرے گی چاہے کشمیری آزادی سے علیحدہ رہناپسندکریں یاپاکستان کے ساتھ رہنا پسند کریں فیصلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق کیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ کشمیرکے مسئلے پربات چیت کرنی چاہے پاکستان کاوفدبھارت جائے یابھارت سے کوئی وفد مذاکرات کیلئے پاکستان آئے کشمیری عوام کی شراکت کے بغیرکوئی بھی مذاکرات بے معنی اور ڈھونگ ہونگے،انھوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاکہ مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے کشمیری رہنماؤں کومذاکرات میں شریک کرنے کاعمل یقینی بنایاجائے۔اس موقع پر کشمیری رہنمامیرواعظ عمرفاروق نے الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے اپنی اوراپنے وفد کی جانب سے الطاف حسین اورایم کیوایم کاشکریہ اداکیااورکہاکہ آج جس اپنائیت سے آپ کی ٹیم نے ہماراشاندار استقبال کیاہے اس پرہم آپ کے بے حدممنون ومشکورہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماراپاکستان آنے کابنیادی مقصدبھی یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوریاں ختم ہو اورجہاں بس سروس،تجارت وتعلقات بہترہوں وہاں کشمیرکے مسئلے پرمثبت پیشرفت ہو۔انہوں نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ میں جب بھی لندن آؤتوآپ سے ملاقات کروں اورآپ کے خیالات ،احساسات ،تجربے اورحکمت عملی سے استفادہ کروں، آپ کی جماعت نے جس بے باک طریقے سے مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری تک پیغام پہنچایاہے ہمیں پوری یقین ہے کہ کشمیرکامسئلہ کشمیریوں کے امنگوں کے مطابق حل ہوگا۔اس موقع پر الطاف حسین نے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کوہدایت کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیری نمائندے جوبھی مطالبہ ایم کیوایم کے منشورمیں شامل کرواناچاہتے ہیں وہ پارٹی منشورمیں شامل کرنے کیلئے رابطہ کمیٹی کااجلاس کرکے ضرورشامل کرلیاجائے۔