22 فروری ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ کے این آر او فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت جاری ہے اور جسٹس جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سات رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ عدالت نے وزیر اعظم کو پیشی سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔ سماعت کے شروع ہونے پر اٹارنی جنرل نے استغاثہ کی جانب سے شواہد سپریم کورٹ میں پیش کر دیئے۔ واضح رہے کہ عدالت نے 13 فروری کو وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر عدالتی فیصلے کا مذاق اڑایا ، فیصلے کی تحقیر کی اور خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ،ان کا یہ عمل آئین پاکستان اور توہین عدالت قانون کے مطابق قابل سزا ہے۔یوسف رضا گیلانی نے فرد جرم کا دفاع کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر عدالت نے اٹارنی جنرل کو پراسیکیوٹر مقرر کیا تھا۔