30 مارچ ، 2023
وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اعلیٰ عدلیہ میں زیر التوا کیسز کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وقفہ سوالات میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 5 سال سے اعلیٰ عدلیہ میں کل 3 لاکھ 80 ہزار436 مقدمات زیر التوا ہیں۔
وزیر قانون نے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ سپریم کورٹ میں 5 سال سے 51 ہزار 744 مقدمات زیر التوا ہیں جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں 17 ہزار 104 مقدمات زیر التوا ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں 5 سال سے زیر التوا مقدمات کی تعداد 1 لاکھ 79ہزار 425 ہے جبکہ سندھ ہائیکورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 85 ہزار781 ہے۔
اس کے علاوہ پشاور ہائیکورٹ میں بھی 41 ہزار911 مقدمات زیر التوا ہیں جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ میں 4 ہزار 471 مقدمات التوا کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ رکن قومی اسمبلی نزہت صادق پٹھان نے اعلیٰ عدلیہ میں 5 سال سے زیرالتوا مقدمات کی تفصیل طلب کی تھی۔