22 فروری ، 2012
اسلام آباد… گلگت بلتستان میں 6روز سے جاری برف باری سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔ مالاکنڈڈویژن میں بھی چند ایک مقامات پر ہلکی برف باری جاری ہے۔ استور میں 6روز سے جاری برف باری سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ،کئی علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہے۔دیامر،غذر اور اسکردو کے پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن میں کالام ،مالم جبہ اور لواری ٹاپ میں ہلکی برفباری جاری ہے۔ کالام روڈ ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے کھول دیاگیا ہے۔ شمالی بلوچستان میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ تھم جانے کے بعد شدید سردی ہے،،ہزارہ ڈویژن میں موسم ابر آلود ہے۔بٹگرام میں بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ،کوہستان میں بارش اورلینڈ سلائیڈنگ سے قراقرم ہائی وے کیرو،جیجال اور کیہال کے مقامات پر بند ہے۔