03 اپریل ، 2023
مٹیاری موٹر وے اسکینڈل کے اہم کرداروں دو سابق ڈپٹی کمشنرز کی مبینہ کرپشن کا نیا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔
سندھ اور وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد کے نام پر مختلف ڈپٹی کمشنرز کو رقم فراہم کی تھی۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی اسپیشل آڈٹ رپورٹ کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کر لی ہے جس میں سیلاب متاثرین کے فنڈ میں مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق ڈی سی مٹیاری عدنان راشد نے سیلاب متاثرین کے ساڑھے 4 کروڑ روپے غیر قانونی طور پر نکلوائے جبکہ سابق ڈی سی نوشہرو فیروز تاشفین عالم نے سیلاب متاثرین کے ساڑھے 3 کروڑ روپے غیر قانونی طور پر نکلوائے۔
اسپیشل آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ڈپٹی کمشنرز نے رقوم غیر قانونی طور پر اوپن چیک کے ذریعے کیش نکلوائیں۔
نیب ذرائع کے مطابق سابق ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان راشد موٹروے کرپشن اسکینڈل میں پہلے ہی گرفتار ہیں جبکہ سابق ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز تاشفین عالم موٹروے کرپشن اسکینڈل میں مفرور ہیں۔