22 اپریل ، 2023
مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کو بھارتی تحقیقاتی ایجنسی (سی بی آئی) نے طلب کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے رپورٹس کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے ستیہ پال کو ریلائنس انشورنس فراڈ کیس میں طلب کیا ہے۔
سابق گورنر مقبوضہ کشمیر نے دہلی کے مقامی تھانے پہنچ کر سمن وصول کیا۔
گزشتہ دنوں ستیہ پال نے کہا تھا کہ جب وہ گورنر تھے تو انہیں 2 فائلوں کو کلیئر کرنے کےلیے 300 کروڑ روپےکی پیشکش ہوئی تھی، ان میں ایک فائل امبانی اور دوسری ہندو انتہاپسند تنظیم آرایس ایس کے کارکن سے متعلق تھی۔
دوسری جانب ستیہ پال ملک کو طلب کیے جانے کے بعد گرفتاری کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں تاہم دہلی پولیس نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق گورنر ستیہ پال نے ایک انٹرویو میں فروری 2019 میں پلوامہ حملے کو مودی کا ڈرامہ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ مودی حکومت کو پلوامہ حملے کا پہلے سے علم تھا، مودی نے بھارتی فوجیوں کو بچانے کے بجائے مروایا اور ملبہ پاکستان پر ڈال دیا اور پلوامہ ڈرامے کا مقصد بی جے پی کو انتخابات میں فائدہ پہنچانا تھا۔