پاکستان
23 دسمبر ، 2012

سب ملکر دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے موٴثرحکمت عملی بنائیں،الطاف حسین

 سب ملکر دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے موٴثرحکمت عملی بنائیں،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کہاہے کہ مسلح افواج ، حکومت اورعوام کوبغیروقت ضائع کئے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سائنٹفک حکمت عملی ترتیب دینی چاہیے اوردہشت گردی کے خاتمہ کیلئے متفقہ طورپراور بھرپوراتحادکے ساتھ ساتھ موٴثرحکمت عملی ترتیب دیکر اس کاعملی آغاز کردینا چاہیے۔انہوں نے یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہراشرفی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے اے این پی کے سینئرترین رہنما اورخیبرپختونخوا کے سینئروزیربشیربلور کی شہادت پر دلی افسوس کااظہارکرتے ہوئے ان کیلئے دعائے مغفرت کی اورخودکش حملے کے نتیجے میں شہیدہونے والے دیگرافرادکے ایصال ثواب اورزخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاکی۔ الطاف حسین نے حافظ طاہراشرفی سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میں مسلح افواج کی قیادت کویقین دلاتا ہوں کہ وہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے موٴثرحکمت عملی پر عمل درآمدکاآغازکریں گے تو اس مشکل گھڑی میں پولیس وقانون نافذ کرنے والے ادارے ہی نہیں بلکہ کروڑوں امن پسند اورصلح جو عوام مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں اپنے ساتھیوں کو ہمیشہ یہی درس دیتاآیا ہوں کہ " right decision at the right time " یعنی ” صحیح وقت پرصحیح فیصلہ کرناچاہیے “ کیونکہ اس کے ذریعے ملک کو دہشت گردی اوردہشت گردوں سے نجات مل سکتی ہے جبکہ اس میں زراسی بھی غفلت نقصان کاسبب بن سکتی ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے الطاف حسین کے خیالات کی تائیدکی اورایم کیوایم کی جانب سے اے این پی کے رہنمابشیربلور کی شہادت کے سانحہ پر تین روز ہ سوگ کے اعلان کوسراہتے ہوئے کہاکہ آپ نے یہ اقدام کرکے بڑے پن اورانسانیت دوستی کاعملی ثبوت دیا ہے جس کی ہرشخص قدرکرتاہے۔دریں اثناء الطا ف حسین نے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مینارپاکستان پر لاہورکی سیاسی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کے انعقادپر تحریک کے روح رواں پروفیسرڈاکٹرطاہرالقادری ،ان کی جماعت کے تمام ذمہ داروں اورایک ایک کارکن اورہمدردکودل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ نظام کی تبدیلی کیلئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے جوانقلابی پروگرام پیش کیاہے وہ ایک مثبت اورموٴثر نظام ہے اورہم اس سلسلے میں انکی کوششوں کی کامیابی کیلئے دعاگوہیں اورنظام کی تبدیلی کیلئے ان سے ہرقسم کاغیرمشروط تعاون بھی جاری رکھیں گے ۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام ،دہرے نظام تعلیم اورکرپشن کے خاتمہ اورملک میں نظام انصاف کی بہتری، یکساں تعلیمی نظام اوردیگرامورپر جوسیرحاصل گفتگو کی ہے اس سے میں ہی نہیں بلکہ پوری قوم مکمل اتفاق کرتی ہے۔انہوں نے آخرمیں ایک مرتبہ پھرلاہورکی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کے انعقادپرتحریک منہاج القرآن کے ایک ایک رہنما اورایک ایک کارکن کوزبردست مبارکباد اورخراج تحسین پیش کیا۔


مزید خبریں :