پاکستان
23 دسمبر ، 2012

دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کی جائے ، ایم کیو ایم

واشنگٹن…متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز ارشد حسین سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے خیبر پختون خواہ کے سینئر صوبائی وزیر بشیر بلور کی خود کش حملے میں شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ طالبان دہشتگردوں نے پاکستان کے خلاف اپنی جنگ کا دائرہ کار فاٹا سے پشاور ، کوئٹہ اور کراچی تک پھیلا دیا ہے۔یہ دہشتگرد پاکستان کے سیکوریٹی اداروں، سیاستدانوں اور معصوم عوام کو بلا تفریق نشانہ بنا کر پاکستان کی ریاست کو چیلنج کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین پچھلے کئی سالوں سے طالبانائزیشن کے خطرات سے پاکستانی قوم کو آگاہ کر رہے ہیں اور آج یہی انتہا پسند طالبان پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لئے خطرہ بن چکے ہیں ۔ ایم کیو ایم امریکہ کے ذمہ داران نے حکومت پاکستان ، سیکوریٹی اداروں کے سربراہان سمیت سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ طالبان کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کے لئے پاکستان میں رائے عامہ کو ہموار کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو طالبان دہشتگردوں سے آزاد کرنے کے لئے فیصلہ کن کاروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔ آخر میں انہوں نے ANP کی قیادت اور کارکنان سے بشیر بلور کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہارکیا۔

مزید خبریں :