27 اپریل ، 2023
حج ڈائریکٹوریٹ نے سندھ سے تعلق رکھنے والے عازمین کو مناسک حج کی تربیت دینے کا شیڈول جاری کردیا۔
حکام حج ڈائریکٹوریٹ کے مطابق عازمین کی تربیت 27 اپریل سے شروع ہوگی اور یہ تربیتی پروگرام 21 روز تک جاری رہے گا۔
حکام نے بتایا کہ عازمین حج کی تربیت کا آغاز 27 اپریل کو جامع مسجد صدر حیدرآباد سے ہوگا، 28 اپریل کو حجاج کا تربیتی کیمپ جامشورو ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں ہوگا جب کہ 30 اپریل کو ٹنڈوالہیار کے عازمین حج کی تربیت ایلیمنٹری اسکول میں شروع ہوگی۔
یکم مئی کو مٹیاری، 2 مئی ٹنڈو آدم، 3 مئی نوابشاہ، 4 مئی سانگھڑ، 5 مئی میرپو خاص، 6 مئی عمرکوٹ، 7 مئی ٹنڈو محمد خان اور بدین میں حجاج کی تربیت ہوگی جب کہ کراچی میں عازمین حج کی تربیت 4 مئی تا 15 مئی تک شہر کے قائم مختلف سینٹرز میں ہوگی۔
رواں سال کے حجاج کو وزارت مذہبی امور نے ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دے دی ہے کیونکہ حکومت نے سعودی عرب جانے سے قبل حج کی تربیت کو لازمی قرار دیا ہے اور اسی لیے عازمین حج اپنے مقررہ وقت پر قریبی ٹریننگ سینٹر پر تربیتی پروگرام میں لازمی شرکت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حج ڈائریکٹوریٹ حکام کے مطابق تربیتی پروگرام میں غیر حاضر ہونے کی صورت میں عازمین کو حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔