28 اپریل ، 2023
اسلام آباد: وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، وفاقی حکومت اور تحریک انصاف انتخابی تاریخ پرلچک دکھانےکو تیار ہیں، وفاقی حکومت کی طرف سے ستمبر میں ایک ساتھ الیکشن کرانے پر نیم رضا مندی ظاہر کی گئی ہے جب کہ تحریک انصاف نے زیادہ سےزیادہ جولائی میں الیکشن کرانےکا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف کمیٹی نے اپنی ڈیمانڈز حکومت کے سامنے رکھیں اور وفاقی حکومت کی کمیٹی اپنی تجاویزآج پی ٹی آئی کےسامنے رکھےگی جب کہ وفاقی حکومت کی کمیٹی نےلیڈر شپ سے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نےالیکشن آگےکرانےکےلیے آئین میں ترمیم کی تجویز دی اور رائے دی کہ اسمبلی قبل ازوقت ٹوٹنے پر الیکشن کے لیے آئین میں ترمیم لازمی ہوگی، آئین میں ترمیم کے بغیر الیکشنز کرانے سے غلط روایت پیدا ہوگی اس لیے ترمیم کے بغیر الیکشن کرادیےتو مستقبل میں کبھی الیکشنز نہیں ہوسکیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی پی ارکان نے الیکشنز کے لیے فواد چوہدری کی آئینی ترمیم کی تجویز کی حمایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف نے ہفتے تک کمیٹی کی کارروائی مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کمیٹی کے ذریعے معاملے کو طول دینا نہیں چاہتی جب کہ پی ٹی آئی کی تجاویز پر وفاقی حکومت کی کمیٹی آج مؤقف دےگی۔