03 مئی ، 2023
عام انتخابات سے متعلق حکومتی اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
گزشتہ روز الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی اختتام پذیر ہوگیا۔
حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں اس بات پر تو اتفاق ہوا کہ ملک بھر میں ایک دن الیکشن ہونے چاہئیں تاہم ملک بھر میں ایک ساتھ الیکشن کی تاریخ اور اسمبلیوں کی تحلیل پر اتفاق نہ ہوسکا۔
تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت انتخابی تاریخ پر مزید لچک دکھانے کو تیار ہوگئی ہے اورحکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق مزید مذاکرات سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانے کے بعد ہوسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں حکومت نے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرنے سے انکار کر دیا، وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے پہلے اسمبلیاں تحلیل نہیں کر سکتے جبکہ پی ٹی آئی نے بجٹ پیش کرنے کی شرط پر بھی نیم رضا مندی ظاہر کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ پر اتفاق نہ ہونے پر مذاکرات میں تعطل آیا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دوبارہ مذاکرات ہو سکیں گے، پاکستان تحریک انصاف نے ن لیگ سے اپنی صفوں میں اتحاد لانے کی بات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ ن لیگ کے کئی وزراء کے رویوں کی وجہ سے بداعتمادی پیدا ہو سکتی ہے جبکہ حکومتی کمیٹی نے وزراء کے منفی بیانات کو غیر ضروری قرار دیا۔