کھیل

ورلڈ کپ کیلئے رینکنگ اہم نہیں: شاداب

قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ون ڈے کی نمبر ون رینکنگ چھن جانے کا افسوس ہے لیکن ورلڈکپ کے لیے رینکنگ اہم نہیں ہوتی۔

شاداب خان نے جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے ورلڈکپ کی تیاری کا اچھا موقع ملا، مڈل آڈر بیٹنگ اور مڈل اوور میں بولنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل یہ دونوں کمزوریاں دور کرنا ہوں گی،  فیلڈنگ میں بھی بہتری کی گنجائش ہے، ٹی ٹوئنٹی زیادہ کھیلنے کی وجہ سے ون ڈے میچز میں فیلڈنگ کے دوران کبھی کبھی انرجی لیول کم ہوجاتا ہے۔

شاداب کا کہنا تھا کہ مڈل اوورز میں میرا کام وکٹیں لینا ہے جس میں مجھے زیادہ کامیابی نہیں ملی، ٹیم میں ان آؤٹ سے کارکردگی میں فرق پڑتا ہے، سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے کی نمبر ون رینکنگ چھن جانے کا افسوس ہے لیکن ورلڈکپ کے لیے رینکنگ اہم نہیں ہوتی، اس میں سب ٹیمیں میدان میں اترتی ہیں تو صفر پر ہوتی ہیں، ورلڈکپ کی تیاری کے لیے زیادہ میچز نہیں ملے۔

نائب کپتان نے کہا کہ کم ون ڈے میچز کی وجہ سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے جارہا ہوں،کاؤنٹی میں فور ڈے کرکٹ ملے گی لیکن کھیل میں امپرومنٹ آئے گی،کم میچز ملنے کے باوجود کوشش کریں گے کہ ورلڈکپ کے لیے خود کو تیار رکھیں۔

مزید خبریں :