22 فروری ، 2012
اسلام آباد…رواں مالی سال موجود ہ حکومت کا پہلا ایسا بجٹ ہوگا جس میں 300 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مکمل طور پر استعمال کیے جانے کاامکان ہے۔وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ ترقیاتی بجٹ کے لیے 100 فی صد فنڈ فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران اب تک وفاقی بجٹ سے ترقیاتی کاموں کے لیے 118 ارب روپے سے زائد رقم جاری کی جاچکی ہے۔ جس میں سے 69 ارب روپے انفراسٹرکچر کے منصوبے پر خرچ کیے گئے ہیں۔ سماجی شعبہ کے منصوبے پر 48 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر منصوبوں کے لیے ایک ارب 13 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بیرونی وسائل سے حاصل ہونے والے 60 ارب روپے بھی ترقیاتی منصوبوں کے لیے جاری کیے گئے اس کے علاوہ اسپیشل ورکس پروگرام کے تحت 24 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال وفاق کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 290 ارب روپے ہے جبکہ اسپیشل ورکس پروگرام کے تحت 33 ارب روپے خرچ کیے جانے ہیں۔