22 فروری ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس مسئلے کا حل نہیں حکومت نے حقوق بلوچستان کا آغاز کیا تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ لاہور میں سوئی ناردرن گیس کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بلو چستان میں حالات بہت گمبھیر ہو چکے ہیں، بے گناہ افراد کی لاشیں پنجاب آ رہی ہیں، بلوچ نوجوانوں اور سیاست دانوں کو بھی قتل کیا جا رہا ہے، مقامی حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچی ایم پی اے کو فنڈز ملتے ہیں لیکن پیسہ پتہ نہیں کہاں چلا جاتا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 20 ویں ترمیم پر عمران خان عوام کو گمراہ کر رہے ہیں انہیں سیاست کی الف ب نہیں معلوم۔