22 مئی ، 2023
سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں جعلی ڈومیسائل کے اجرا کے خلاف رہنما ایم کیو ایم خواجہ اظہار الحسن کی درخواست مسترد کردی۔
رہنماایم کیو ایم خواجہ اظہار الحسن نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ جعلی ڈومیسائل بنا کر نوکریوں کو بیچا جا رہا ہے اور صوبے میں 80، 80 ہزار روپے میں جعلی ڈومیسائل بنائے جا رہے ہیں۔
خواجہ اظہار الحسن نے درخواست میں جعلی ڈومیسائل کے اجرا سے متعلق جوڈیشل انکوائری کرانےکی استدعا کی تھی جس کی ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے مخالفت کی۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت نے جعلی ڈومیسائل کی شکایات سننےکے لیےکمیٹیاں تشکیل دی ہوئی ہیں، جس کو شکایت ہے وہ حکومت سندھ کی بنائی گئی کمیٹیوں سے رجوع کرے۔
سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ4 سال یہ کیس چلا، 2 بار حتمی دلائل مکمل ہوئے تھے، عدالت نے ہمارا کیس ڈسمس کر دیا، فیصلے سے مایوسی نہیں۔
خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ عدالت نے پورے صوبے سے لوگوں کو بلا کر سنا، تسلیم کیا گیا کہ صوبے میں جعلی ڈومیسائل ،پی آرسی بنے ہیں جن پر نوکریاں دی گئی ہیں۔