24 مئی ، 2023
گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) میں ایتھلیٹکس اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
ایتھلیٹکس اکیڈمی ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان (ایچ ای سی)، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھر کی نجی جامعات میں اسپورٹس اکیڈمیز اور ریسورس سینٹرز کے قیام کے منصوبے کے تحت کام کرے گی۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ایچ ای سی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن خان، وائس چانسلربیوٹمز، محمد خالد محمود سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن، جاوید علی میمن ڈائریکٹر اسپورٹس ایچ ای سی اور مختلف یونیورسٹیز کے ڈائریکٹر اسپورٹس اور دیگرشخصیات نے شرکت کی۔
چیئرمین ایچ ای سی نے گورنر بلوچستان کو ایتھلیٹکس اکیڈمی کی نمایاں خصوصیات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ منصوبہ اگلے سال مکمل ہو جائے گا، اکیڈمی صوبہ بلوچستان میں اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی معیار کی سہولت ہے جو طلبہ اور کھلاڑیوں کی دیرینہ ضروریات کو پورا کرے گی۔
اس موقع پرگورنر بلوچستان نے ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ میں ایچ ای سی کے کردار اوراس کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ 34ویں نیشنل گیمز کوئٹہ کے مختلف ایونٹس بیوٹمز میں منعقد ہورہے ہیں اور اس کا سہرا ایچ ای سی کو جاتا ہے کہ انہوں نے قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کی استعداد کار بڑھانے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی مدد کی۔