Time 19 مئی ، 2025
کھیل

پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے دی

پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز  سے شکست  دے دی
فوٹو: پی ایس ایل

راولپنڈی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10کے 30 ویں اور  آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز  سے شکست  دے دی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز   نے اسلام آباد یونائیٹڈکےخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آج کا میچ پی ایس ایل 10 میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن مقررکیا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ خصوصی پنک رنگ کی کٹ کے ساتھ میدان میں اُتری جب کہ کراچی کنگز پنک رنگ کی کیپ پہن کر میچ میں شریک ہوئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  پانچ وکٹ پر 251 رنز بنائے، اوپنر ایلکس ہیلز اور صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کو شاندا ر آغاز فراہم کیا۔

دونوں نے پہلی وکٹ پر 153 رنز کی شراکت لگائی، صاحبزادہ فرحان 41 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو ایلیکس ہیلز نے صرف 35 گیندوں پر آٹھ چھکے اور چھ چوکے لگاکر 88 رنز بنائے، شاداب خان 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے ٹم سائفرٹ اور ڈیوڈ وارنر نے 56 رنز کا آغاز فراہم کیا۔سائفرٹ 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان فارم جیمز ونس کو عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔ وہ آٹھ رنز بناسکے۔

ان کے علاوہ سعد بیگ پانچ رنز بناسکے، کراچی کنگز کےکپتان ڈیوڈ وارنر کے 43 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد کراچی کنگز نے ہمت ہار دی۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں کنگز کی وکٹیں وقفے وقفے سےگرتی گئیں اور  114 پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد عباس آفریدی اور عامر جمال نے کچھ مزاحمت کی۔عباس آفریدی 34 اور عامر جمال 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پوری ٹیم 172 بناسکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے چار اور عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائر ون میں ٹاپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ائیٹرز کے مد مقابل ہوگی جب کہ  تیسرے نمبر پر موجود کراچی کنگز ایلیمینیٹر میں لاہور قلندرز کا مقابلہ کرےگی۔

مزید خبریں :