30 مئی ، 2023
ملائیشیا میں قومی ائیرلائن پی آئی اے کے طیارے کو روکنے کے چند گھنٹوں بعد ریلیز کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی کے 894 پرواز جیسے ہی کوالالمپور پہنچی تو ملائیشین حکام نے طیارے کو روکا جس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ طیارے کو لیز مسائل کی وجہ سے غیر ملکی کمپنی نے عدالتی احکامات پر روکا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق معاملہ سفارتی ذرائع سے حل ہوگیا اور جہاز ریلیز ہونے کے بعد رات گئے کولالمپور سے اسلام آباد پہنچ گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ پی آئی اے کی ملکیت ہے، انجن لیزنگ کمپنی نے ملائیشیا کی ایک عدالت میں غلط اعداد وشمار جمع کروا کے حکم امتناع حاصل کیا، پی آئی اے نےکوالالمپور میں وکلاکے ذریعے عدالت سے رجوع کرلیا ہے اور معاملہ اس وقت زیر سماعت ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ اس طرح طیارہ رکوانے اور زبردستی پیسے نکلوانے کے معاملات دنیا میں کہیں دیکھنے میں نہیں آتے، لیزنگ کمپنی اور پی آئی اے دونوں ملائیشیا کی مقامی کمپنیاں نہیں، پی آئی اے نے اس پرواز کے مسافروں کو متبادل طیارے سے پہلے ہی وطن واپس پہنچا دیا ہے جب کہ کل واجب الادا رقم 1.8 ملین ڈالر تھی جو ادا کی جاچکی تھی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارہ جلد ہی کمرشل پرواز کے طور پر وطن واپسی کی پرواز بھرے گا۔