28 دسمبر ، 2012
احمد آباد … دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی، 2 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، قومی ٹیم 193 رنز ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹ پر 181 رنزبناسکی، محمد حفیظ شاندار بیٹنگ کے باوجود ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔ احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں پاکستان ٹیم بھارت کے 192 رنز کے جواب مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 181 رنز بناسکی۔اوپنرز نے 74 رنز کا آغاز فراہم کیا، ناصر جمشید 41 اور احمد شہزاد 31 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ عمر اکمل کو اشوک ڈنڈا نے 24 رنز پر بولڈ کیا۔ آخری 2 اوورز میں پاکستان کو 26 رنز درکار تھے جب اشوک ڈنڈا نے 19 ویں اوور میں کپتان محمد حفیظ اور کامران اکمل کی وکٹیں حاصل کیں جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ کپتان محمد حفیظ نے صرف 26 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے شاندار 55 رنز بنائے، انہوں نے دونوں ٹی 20 میچز میں نصف سنچریاں اسکور کیں اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ شاہد آفریدی11 ، کامران اکمل 5 اور عمر گل 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ بھارت کی جانب سے اشوک ڈنڈا نے 36 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔بھارت کی جانب سے دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے یووراج سنگھ کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ پاک بھارت ٹی 20 سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز اتوار کو چنئی سے ہوگا۔