10 جون ، 2023
آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز مارنوس لبوشین نے 'نیند کہیں بھی آجاتی ہے' یا 'نیند تو کانٹوں پر بھی آجاتی ہے' جیسی باتوں کا عملی مظاہرہ اس وقت کر دکھایا جب بھارت کے خلا ف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری تھی۔
اوول میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے جب کہ آسٹریلیا کو بھارت پر 296 رنز کی برتری حاصل ہے، مارنوس لبوشین اور کیمرون گرین وکٹ پر موجود ہیں۔
تاہم میچ کے تیسرے روز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ بیٹنگ کرنے آئے تو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے مارنوس لبوشین کو ڈریسنگ روم میں لمبی تان کر سوتے ہوئے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کیمرہ مین نے لبوشین کو فوکس کرکے دکھایا جس پر کمنٹیٹرز ہرشا بھوگلے اور جسٹن لینگر تبصرہ کرتے رہے، تاہم اسی دوران وارنر ایک رن پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کراؤڈ کے شور سے لبوشین گھبرا کر اٹھ گئے۔
ہرشا بھوگلے نے مارنوس کے بیدار ہونے پر کہا 'مداحوں کا شور لبوشین کے لیے الارم تھا'۔
جسٹن لینگر نے کہا 'کراؤڈ میں موجود مداحوں کی اپیل لبوشین کے لیے الارم ثابت ہوئی،مارنوس کیا آپ اٹھ گئے ہیں؟ آپ نے دانت برش کیے؟ کافی لی؟ '
مارنوس لبوشین کا ردعمل:
اس حوالے سے آسٹریلوی کرکٹر نے کہا 'میں اس وقت صرف اپنی آنکھوں کو آرام دے رہا تھا، اور خود کو پرسکون کرنے کی کوشش کررہا تھا، آپ سارا وقت بیٹھ کر میچ نہیں دیکھ سکتے'۔
انہوں نے کہا 'جب سراج نے پہلی وکٹ لی، اس وقت میں نے کچھ زیادہ آرام نہیں کیا تھا'۔