11 جون ، 2023
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شخص جلسے میں امریکا پر الزام لگاتا ہے پھر معافی مانگ کر امریکا میں لابی کمپنیاں بناتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 9 مئی کوفوجی تنصیبات،شہداکی یادگاروں پرحملہ بھی اس لیےکرایاکہ "وہ" مان نہیں رہے؟ اس کے دماغ میں آئین کی گنجائش ہے نہ قانون کی، انسانیت نہ ہی اخلاقیات کی۔
مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ جلسے میں امریکاپر الزام لگاتا، پھر معافی مانگ کر امریکا میں لابی کمپنیاں بناتا ہے، کمرے میں تاحیات ایکسٹینشن کی آفر اور باہر میرجعفر کے نعرے لگاتا ہے، اصل میں تلاش "کاندھے" اور "بیساکھی" کے سہارے کی ہے، جو اب میسر نہیں۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ سیاستدانوں سے بات سیاستدان اور جمہوری شخص کرتا ہے، آرٹی ایس کی معاونت کی التجا ہے، فارن فنڈنگ، ٹیریان، 190 ملین پاؤنڈ، القادرٹرسٹ جیسےجرائم سےنجات کا این آر او درکار ہے، یہ طلسماتی سہولیات اب دستیاب نہیں لیکن پوچھنا یہ تھا کہ آدھاحملہ کیسے ہوتاہے؟