Time 16 جون ، 2023
صحت و سائنس

اگر رات گئے تک جاگنا پسند کرتے ہیں تو یہ نقصان جان لیں

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

اگر آپ رات گئے تک جاگنا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت قبل از وقت موت کا باعث بن سکتی ہے۔

یہ دعویٰ فن لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے جاگنے سے قبل از وقت موت کا خطرہ نہیں بڑھتا بلکہ ایسے افراد میں صحت کے لیے نقصان دہ عادات کا امکان صبح جلد جاگنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

یہ نقصان دہ عادات صحت کو متاثر کرکے جلد موت کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔

انسٹیٹیوٹ آف Occupational Health کی اس تحقیق میں 24 ہزار کے قریب جڑواں افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کا جائزہ 1981 سے 2018 تک لیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے کیونکہ وہ تمباکو نوشی اور ناقص غذا استعمال کرنے کو صبح جلد جاگنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔

تحقیق میں شامل افراد سے پوچھا گیا تھا کہ وہ صبح جلد جاگنا پسند کرتے ہیں یا رات گئے تک جاگتے ہیں یا خود کو ان دونوں کے درمیان تصور کرتے ہیں۔

10 فیصد جڑواں افراد نے خود کو رات گئے تک جاگنے والا قرار دیا جبکہ 29 فیصد نے خود کو علی الصبح جاگنے والا بتایا، باقی سب درمیان کی کیٹیگری کا حصہ بنے۔

محققی نے ان افراد کی اموات کے ریکارڈ کا جائزہ لیا اور دریافت ہوا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

درحقیقت یہ خطرہ تعلیم، الکحل اور تمباکو نوشی کے استعمال، جسمانی وزن اور نیند کے دورانیے جیسے عوامل کو مدنظر رکھنے پر بھی برقرار رہا۔

ماہرین نے بتایا کہ ہم یہ طویل عرصے سے جانتے ہیں کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں تمباکو نوشی کی شرح صبح جلد جاگنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے جبکہ وہ جنک فوڈ کا استعمال کرنا بھی پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبل از وقت موت کا خطرہ 9 فیصد زیادہ ہونا اہم ہے اور اس سے عندیہ ملتا ہے کہ تمباکو نوشی سے ہٹ کر بھی رات گئے تک جاگنے والے افراد کو اپنے روزمرہ کے معمولات کے باعث نیند پوری کرنے کا موقع نہیں ملتا جس سے بھی دائمی امراض اور موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Chronobiology International میں شائع ہوئے۔

ستمبر 2022 میں امریکا کی Rutgers یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں امراض قلب اور ذیابیطس کا خطرہ صبح جلد اٹھنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں ذیابیطس اور امراض قلب کا خطرہ اس لیے زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ان کے جسم کی چربی کو توانائی کے لیے گھلانے کی صلاحیت کم ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق رات گئے تک جاگنے والے افراد میں چربی زیادہ آسانی سے جمع ہوجاتی ہے۔

اسی طرح نومبر 2022 میں جرنل آف Affective Disorders میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں انزائٹی سے متاثر ہونے کا خطرہ صبح جلد جاگنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

اٹلی، جرمنی اور چلی کے محققین کی اس تحقیق میں 40 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے 20 رات گئے تک جاگنے کے عادی تھے جبکہ باقی ایسے تھے جو جلد سونے اور جاگنا پسند کرتے تھے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے جسمانی گھڑی سے ذہن پر مرتب اثرات کے بارے میں علم ہوتا ہے اور یہ عندیہ ملتا ہے کہ رات گئے تک جاگنے سے انزائٹی کا خطرہ بڑھتا ہے کیونکہ ایسے افراد میں خوف یا ڈر سے متعلق ذہنی ردعمل دیگر افراد سے مختلف ہوتا ہے۔

مزید خبریں :