کھیل

کراچی نے ہاکی لیگ سندھ ریجن کے مینز اینڈ ویمنز ٹائٹل جیت لیے

مردوں کے مقابلوں میں سکھر ریجن نے دوسری اور لاڑکانہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔  خواتین کے مقابلوں میں لاڑکانہ دوسرے اور شہید بینظیر آباد ریجن کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی— فوٹو: فائل
مردوں کے مقابلوں میں سکھر ریجن نے دوسری اور لاڑکانہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کے مقابلوں میں لاڑکانہ دوسرے اور شہید بینظیر آباد ریجن کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی— فوٹو: فائل

کراچی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس ہاکی لیگ میں سندھ ریجن کے مینز اینڈ ویمنز ٹائٹل جیت لیے۔

مردوں کے مقابلوں میں سکھر ریجن نے دوسری اور لاڑکانہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔  خواتین کے مقابلوں میں لاڑکانہ دوسرے اور شہید بینظیر آباد ریجن کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔

کراچی ویمنز ٹیم کی کپتان دعا خان 15 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں، کراچی کی شازمہ نسیم بہترین گول کیپر اور لاڑکانہ کی صبا لیگ کی بہترین کھلاڑی قرار  پائیں۔

کراچی کے زین انیل چھ گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر، کراچی کے عبدالرافع ساجد بہترین گول کیپر اور سکھر کے میسیم  ذاکر بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

فائنل کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سابق ہاکی اولمپئنز اور ایچ ای سی کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔

 اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ پروگرام پاکستان کے کھیلوں میں انقلابی تبدیلی لائے، پورے ملک میں مختلف کھیلوں کا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے اقدام پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک پیش کرتا ہوں۔

 اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، وائس چانسلر اقراء یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان اور ڈائریکٹر اسپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان جاوید علی میمن، اولمپئن وسیم فیروز،  اولمپئن سمیر حسین، محمد علی خان، عدنان اشرف، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اکبر قائم خانی، گل فراز احمد خان، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :