Time 27 جون ، 2023
پاکستان

معاہدہ ختم ہونے میں تین روز باقی، وزیراعظم کا آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے چند روز میں چوتھا رابطہ

آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پرہم آہنگی ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلےکی شکل اختیارکرےگی: وزیراعظم شہباز شریف/ فائل فوٹو
 آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پرہم آہنگی ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلےکی شکل اختیارکرےگی: وزیراعظم شہباز شریف/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹرکے درمیان ٹیلی فون رابطہ ہوا ہے۔

پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم ہونے میں تین دن باقی ہیں اور آج صبح وزیراعظم شہبازشریف کا چند روز میں آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹرسے چوتھی بار رابطہ ہوا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف میں رابطہ آج صبح ہوا جس میں وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنےکے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پرہم آہنگی ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلےکی شکل اختیارکرےگی۔

اس موقع پر آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر نے وزیراعظم شہباز شریف کے قائدانہ عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کا معاہدہ 30 جون کو ختم ہورہا ہے۔

پاکستان کی آئی ایم ایف سے درخواست

پاکستان عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پرامید ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان نے 6 ارب ڈالرکی بیرونی فنانسنگ پر آئی ایم ایف سے نرمی کی درخواست کی ہے، نرمی کے عوض مزید ٹیکس لگانےکی شرط رکھی گئی ہے۔ 

گزشتہ دنوں وزیراعظم نے لندن میں ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملاقات کی تھی جس کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جلد معاہدے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نویں جائزے اور پروگرام کی بحالی کی راہ میں رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔

مزید خبریں :