Time 12 جولائی ، 2023
پاکستان

فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والا اسرائیل کہتا ہے پاکستان میں ظلم ہو رہا ہے، وزیراعظم کا شدید رد عمل

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں صیہونی ہرزہ سرائی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والا اسرائیل کہتا ہے پاکستان میں ظلم ہو رہا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا 9 مئی کا واقعہ اسرائیل میں ہوتا تو وہ کیا تباہی مچاتا، اگر اسرائیل کو اتنی فکر ہے تو کیپیٹل ہل پر ہلہ بولنے والوں کو جب سزائیں ملیں تب کیوں خاموش رہا۔

ان کا کہنا تھا اسرائیل نے اقوام متحدہ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے حق میں بیان دیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ نے دھاندلی زدہ الیکشن سے اقتدار پر بٹھایا، چیئرمین پی ٹی آئی نے چار سال تک معیشت کا بیڑا غرق کیا۔

اسرائیلی بربریت سے پورا سوشل میڈیا بھرا پڑا ہے: مصدق ملک

دوسری جانب وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے بھی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کے مظالم کو سب جانتے ہیں، اسرائیل انسانی حقوق پر تبصرے کر رہا ہےجس نے نہتے فلسطینیوں پر بمباری کی، اسرائیل نے انسانی حقوق کی پامالی کا ریکارڈ قائم کیا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا فلسطینوں پر دھاوا بولا گیا جو میڈیا نے دکھایا، اسرائیل میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، اسرائیل میں سیاسی کھیل کھیلا گیا، اسرائیل کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، اسرائیلی بربریت سے پورا سوشل میڈیا بھرا پڑا ہے، اب ایسا ملک ہمارے انسانی حقوق پر تبصرے کرے گا۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا جن لوگوں نے قوم ملک کی حفاظت کی، ان کے گھروں کو آگ لگائی گئی، جب اس معاملے میں محاسبہ ہوتا ہے تو اس کو انسانی حقوق کا رنگ دیا جا رہا ہے، ملک میں بغاوت کرنے کی کوشش کی، اسرائیل ان کے حق میں بول پڑا ہے۔

مزید خبریں :