Time 13 جولائی ، 2023
پاکستان

ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے نام فائنل کر لیا

اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے لیے درخواست جلد سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی جائے گی: ایم کیو ایم پاکستان۔ فوٹو فائل
اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے لیے درخواست جلد سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی جائے گی: ایم کیو ایم پاکستان۔ فوٹو فائل

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے نام فائنل کر لیا۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے پارلیمانی لیڈر رعنا انصار کا نام سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے فائنل کیا ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر علی خورشیدی کو  سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا گیا ہے اور  رابطہ کمیٹی نے اپوزیشن لیڈر کے ساتھ پارلیمانی لیڈر کے ناموں کی منظوری بھی دے دی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے لیے درخواست جلد سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی جائے گی۔

خیال رہے کہ سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف 30 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہے اور حلیم عادل شیخ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں تاہم 9 مئی کے واقعات کے بعد سے پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی رہنما اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہو رہا۔

دوسری جانب آئندہ عام انتخابات سے قبل صوبے میں نگران حکومت کے قیام کے لیے اپوزیشن لیڈر کی مشاورت ضروری ہوتی ہے اس لیے ایم کیو ایم پاکستان نے اسمبلی کی تیسری بڑی جماعت ہونے کی حیثیت سے اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ کیا تاہم ایم کیو ایم کے اراکین کی تعداد 21 ہے اور انہیں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے 30 سے زائد اراکین کی حمایت درکار ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر  مقرر  کرنے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کو جی ڈی اے کی حمایت درکار ہو گی اور جی ڈی اے کے سندھ اسمبلی میں اراکین کی تعداد 14 ہے۔ 

اس کے علاوہ سندھ اسمبلی میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے 3 اور جماعت اسلامی کا ایک رکن بھی اپوزیشن میں موجود ہے۔

مزید خبریں :