دنیا کی وہ خوبصورت دُکان جسے دیکھنے کے بھی پیسے دینا ہونگے

یہ مشہور ہسپانوی دکان 100 سال پرانی ہے، جس کی خوبصورتی سیاحوں کو اپنی جانب کھینک لیتی ہے، لیکن اب کوئی بھی سیاح مفت میں یہاں سیلفی نہیں لے سکے گا__فوٹو: غیر ملکی میڈیا
یہ مشہور ہسپانوی دکان 100 سال پرانی ہے، جس کی خوبصورتی سیاحوں کو اپنی جانب کھینک لیتی ہے، لیکن اب کوئی بھی سیاح مفت میں یہاں سیلفی نہیں لے سکے گا__فوٹو: غیر ملکی میڈیا

اسپین کے شہر بارسلونا میں ایک دُکان (گروسری اسٹور) ایسی ہے جہاں کے مالک نے وہاں محض اسے دیکھنے آنے والوں اور سیلفی لینے والوں کے لیے فیس مختص کردی ہے، یعنی اگر آپ اُس دکان جاتے ہیں اور کچھ خرید لیتے ہیں تو پھر  آپ فیس دینے سے بچ جائیں گے۔

کیوویرس موریا (Queviures Múrria) نامی یہ مشہور ہسپانوی اسٹور 100 سال پرانا ہے، جس کی خوبصورتی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ لیتی ہے، لیکن اب کوئی بھی سیاح مفت میں یہاں سیلفی نہیں لے سکے گا اور نہ ہی اسے اندر سے دیکھ سکے گا۔

اس دکان کو 1898 میں کھولا گیا تھا جسے دیکھ کر ماضی کی یاد تازہ ہوجاتی ہے کیونکہ اس گروسری اسٹور کی چند کھڑکیاں اور یہاں بنائی گئی پینٹنگ اب بھی 1920 کی ہیں، جنہیں دیکھ کر انسان اس کے حسن میں گرفتار ہوجاتا ہے۔

اسٹور کی خوبصورتی دیکھتے ہوئے ہی سیاحوں کا یہاں آکر سیلفی لینا معمول بن گیا تھا، ابتدائی طور پر یہاں کے عملے نے مذاق میں کہا تھا کہ ہمیں ان لوگوں سے پیسے وصول کرنے چاہئیں جو یہاں آتے ہیں تصاویر بنواتے ہیں اور بغیر کچھ خریداری کیے چلے جاتے ہیں، مالک کو یہ خیال پسند آیا اور اس نے فیس مختص کردی اور دکان کے دروازے پر ایک نوٹ لگادیا۔

فوٹو: غیر ملکی میڈیا
فوٹو: غیر ملکی میڈیا

انگریزی زبان میں نوٹ لکھا تھا کہ 'اس دکان کو اندر سے محض دیکھنے والوں کو فی بندہ 5 یورو (1535 پاکستانی روپے) دینا ہوں گے'۔

بزنس منیجر ٹونی میرینو نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 'لوگ آتے ہیں اور بغیر ہیلو کہے سیلفی لے کر چلے جاتے ہیں، ہم نے گزشتہ بدھ کو ایک گھنٹے میں 25 لوگوں کو ایسے ہی کرتے دیکھا'۔

انہوں نےکہا کہ بہت سارے سیاحوں کا 'میں صرف دیکھ رہا ہوں کہہ کر تصویریں کھینچنا اور ریسٹورینٹ میں کھانے والے لوگوں کو پریشان کرنا مایوس کن تھا'۔

ٹونی میرینو کے مطابق اب لوگ صرف باہر سے اس کا مفت نظارہ کرسکیں گے، اندر آئے تو انہیں مطلوبہ رقم دینا ہوگی۔

مزید خبریں :