ساحل پر بہہ کر آنے والے پراسرار سلنڈر کے باعث لوگ الجھن کے شکار

یہ وہ سلنڈر ہے / فوٹو بشکریہ 10 News First Perth
یہ وہ سلنڈر ہے / فوٹو بشکریہ 10 News First Perth

آسٹریلیا کے ایک علاقے کے ساحل پر سمندر سے بہہ کر آنے والے بڑے اور پراسرار دھاتی سلنڈر کو دیکھ کر مقامی رہائشی اور پولیس اہلکارعجیب الجھن کے شکار ہوگئے۔

مغربی آسٹریلیا کے علاقے Jurien Bay کے قریب ایک ساحل پر بڑا کاپر کی رنگت کا سلنڈر 16 جولائی کو اچانک نظر آیا جس کے بارے میں مقامی افراد نے پولیس کو رپورٹ کیا۔

اس سلنڈر کو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے کافی نقصان پہنچا ہے اور وہ ایک جانب جھکا ہوا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق انہیں نہیں معلوم کہ یہ کیا ہے اور یہ کسی کمرشل طیارے کا حصہ نہیں لگتا، اسی لیے اسے خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم مقامی افراد کو یقین دلاتے ہیں کہ اس چیز کے بارے میں جاننے کے لیے متعدد ریاستی اور وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔

اس سلنڈر کو دیکھنے سے لگتا ہے کہ وہ کسی چیز سے الگ ہوا ہے مگر فی الحال یہ علم نہیں کہ وہ کیا چیز ہو سکتی ہے۔

آسٹریلین اسپیس ایجنسی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہمارا ادارہ بھی اس سلنڈر کے بارے میں تفصیلات حاصل کر رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ کسی خلائی لانچ وہیکل کا باہری حصہ تو نہیں جو بہہ کر ساحل پر پہنچ گیا۔

خلائی ماہر ڈاکٹر ایلس گورمان نے بتایا کہ ان کا ماننا ہے کہ یہ ایک فیول سلنڈر ہے جو بھارت کے پولر سیٹلائیٹ لانچ وہیکل راکٹ سے الگ ہو کر یہاں تک پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حیران کن ہے کیونکہ یہ ایک بڑا حصہ ہے اور دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ آخر وہ الگ ہو کر کس طرح سمندر میں ہوکر یہاں تک پہنچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے لوگوں کو روکنا درست قدم ہے، کیونکہ سلنڈر میں زہریلا مواد ہو سکتا ہے۔

انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر یہ سلنڈر گزشتہ دہائی میں راکٹ لانچ کے دوران سمندر میں گرا اور اسی وجہ سے اس کے اوپر گرد اور ریت جمی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :