پاکستان

پشاور میں دہشتگردوں کا تھرمل ویپنز کا استعمال، پشاور پولیس جدید اسلحہ سے محروم

پشاور: ریگی ماڈل ٹاؤن کی پولیس ناکہ بندی پر دہشتگردوں نے ایک بار پھر تھرمل ویپنز کا استعمال کیا جس سے 2 پولیس اہلکار شہید اور  2  زخمی ہوگئے۔ 

آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان کا کہنا ہے کہ  پشاور میں دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں تھانا ریگی ماڈل ٹاؤن کی حدود میں پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، حملے میں ایک بار پھر دہشتگردوں نے تھرمل ویژن اسنائپر اور ایم فور رائفلز کا استعمال کیا۔

آئی جی کے مطابق دہشتگردوں نے 30 میٹر کے فاصلے سے 17 فائرکیے جس سے2 پولیس اہلکار شہید اور 2  زخمی ہوئے جب کہ دہشتگرد باآسانی فرار ہوگئے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے سابق آئی جی کے مطابق تھرمل ویپنز ہر طرح کے موسم میں دن رات کسی بھی جگہ استعمال کیا جا سکتا ہے، اس آلے کی رینج تقریباً 3 کلومیٹر ہوتی ہے، اس کو اسنائپر رائفل، گرینیڈ لانچرز، ہیوی اور لائٹ مشین گنز پر نصب کیا جاسکتا ہے۔

 سکیورٹی ماہرین کے مطابق امریکی فوج افغانستان سے انخلاکے بعد کم وبیش 7 ارب ڈالرز مالیت کا جنگی سازوسامان چھوڑ گئی تھی ۔

اسنائپر رائفل کو پہلی بار تھرمل سائیٹ کے ساتھ تھانا سربند پر حملے میں استعمال کیا گیا تھا، خیبرپختونخوا حکومت نے بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دینے  کے لیے جدید اسلحہ فراہم کیا۔

تھرمل ویپنز کا مقابلہ کرنے کے لیے خیبر پختونخوا کے 4 اضلاع کی پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کیا گیا تاہم طویل عرصے سے دہشتگردی کا شکار پشاور پولیس تاحال اس سے محروم ہے۔ 

مزید خبریں :