03 جنوری ، 2013
اسلام آباد … میڈیا رپورٹس کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی پیشکش کے بعد پاک فوج نے سیاسی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی حکمت عملی پر غور کرے۔ رپورٹس کے مطابق طالبان کی امن پیشکش پر جمعے کو ہونے والے کور کمانڈرز اجلاس میں غور کیا جائے گاتاہم فوج چاہتی ہے کہ سیاسی قیادت عسکریت پسندوں کی جنگ بندی کی پیشکش پر ردعمل ظاہر کرے۔ رپورٹ میں ایک اعلیٰ فوجی افسر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت کو کرنا ہے کہ وہ عسکریت پسندوں سے مذاکرات کرتی ہے یا نہیں، پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ سیاسی رہنماوٴں کو ان حالات کا فائدہ اٹھانا چاہئے کیونکہ پاک فوج کے انسداد دہشت گردی آپریشنز کی وجہ سے طالبان پر دباوٴ بڑھا ہے۔ گزشتہ ہفتے طالبان نے اپنے پے درپے بیانات میں حکومت کو جنگ بندی کی پیشکش کی تھی۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود بھی امن پیشکش کی تصدیق کرچکے ہیں تاہم انہوں نے ہتھیار پھینکنے سے انکار کردیا ہے۔