22 جولائی ، 2023
بہاول نگر میں قتل کے سنگین مقدمے میں مطلوب ملزم کو ایف آئی اے نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول پاکستان نے گرفتار کر لیا۔
اشتہاری ملزم عبداللہ پنجاب پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کو مسقط سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کر دیا گیا۔
ملزم عبداللہ کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا اور ایف آئی اے نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔
بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزم کو بہاولنگر پولیس کے حوالے کر دیا، ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول مسقط کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول پاکستان 24/7 خدمات سرانجام دے رہا ہے۔