Time 26 جولائی ، 2023
پاکستان

لوڈشیڈنگ پر ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے کے الیکٹرک کی شکایت لگادی

ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم کو کراچی میں بجلی کی بڑھتی قیمتوں اور لوڈشیڈنگ سے آگاہ کیا: ذرائع— فوٹو: پی آئی ڈی
ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم کو کراچی میں بجلی کی بڑھتی قیمتوں اور لوڈشیڈنگ سے آگاہ کیا: ذرائع— فوٹو: پی آئی ڈی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے وزیراعظم شہباز سے ملاقات میں لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کی شکایت لگادی۔ 

ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی موجود تھے۔

ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول ، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم کو کراچی میں بجلی کی بڑھتی قیمتوں اور لوڈشیڈنگ سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزیر توانائی خرم دستگیر کو پیر کو کے الیکٹرک انتظامیہ سے فوری ملاقات کی ہدایت کی اور کہاکہ انتظامیہ سے ملاقات میں ایم کیوایم کی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان کے مطابق خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے ایک بارپھر ایم کیو ایم کو تمام اہم فیصلوں میں ساتھ لیکر چلنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ انتخابات نئی یا پرانی مردم شماری پر کروانے کا فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا۔

ترجمان نے بتایاکہ ایم کیو ایم نے کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، قیمتوں میں اضافے اور بھاری بلوں پروزیر اعظم سے احتجاج کیا اور مؤقف اپنایا کہ سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی کے شہریوں کو لاوارث نہ سمجھا جائے، سب سے بڑے شہر کے شہریوں کو بجلی نہیں ملتی صرف بھاری بل بھیجے جاتے ہیں۔

مزید خبریں :