بے روزگار شخص جعلی ٹریفک پولیس افسر بن کر دو ماہ تک سڑکوں پر ڈیوٹی دیتا رہا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

روس میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک بے روز گار شخص جعلی ٹریفک پولیس افسر بن کر دو ماہ تک سڑکوں پر ڈیوٹی دیتا رہا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے علاقے سٹیورپول سے تعلق رکھنے والے 48 سالہ شخص وکٹر نے گھر میں  فارغ بیٹھ کر تنگ آکر بازار سے ٹریفک پولیس افسر کی جعلی وردی خریدی اور سڑک پر اصلی ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ کم از کم 2 ماہ تک ڈیوٹی سر انجام  دیتا رہا۔

اپنی  شاندار مہارت اور  پر اعتمادی  کی وجہ سے کوئی بھی اس شخص کو نہیں پکڑ پایا، یہاں تک کہ اصل ٹریفک پولیس اہلکار بھی اس کے ساتھ پٹرولنگ پر جاتے تھے۔

تاہم  وکٹر نے  2 ماہ تک ادارے اور لوگوں کو بے وقوف بنائے رکھا لیکن پھر ایک دن اس کا بھانڈا پھوٹ گیا۔

رپورٹس کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکاروں کی وردی میں نصب کیمروں سے فوٹیج کی چیکنگ کے دوران حکام نے غور کیا کہ ڈیوٹی پر 5 اہلکار ہیں جبکہ آفیشل ریکارڈ میں 4 ہیں، اس کے علاوہ فوٹیج بھی صرف 4 کی آرہی ہے۔ اس پر وہ وکٹر کے پاس شناخت کیلئے پہنچے تو انہیں معلوم ہوا کہ وہ  تو ٹریفک پولیس اہلکار ہی نہیں ہے۔

جب وکٹر سے تفتیش کی گئی تو اس نے جعلی ٹریفک پولیس افسر بننے کا اعتراف کیا، اس لیے اس پر غیر قانونی طور پر سرکاری یونیفارم پہننے اور پولیس کے فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

یہ واضح نہیں ہوا کہ وکٹر نے جعلی ٹریفک پولیس افسر بننے کا فیصلہ کیوں کیا اور یہ بھی کہ دوران ڈیوٹی اس نے کسی سے رشوت لی یا نہیں۔

مزید خبریں :