04 جنوری ، 2013
پشاور … مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہوں گے، چند ہزار لوگوں کو 18 کروڑ عوام کا حق چھیننے نہیں دیں گے، شیخ الاسلام انتشار کا راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں، اسلام کے نام پر زیور، پیسا اور اشیاء چندے میں لے کر جلسوں پر خرچ کردیتے ہیں، لانگ مارچ کا ساتھ دینے والی حکومتی اتحادی جماعتوں کے نظریات سمجھ سے بالاتر ہیں، ایم کیو ایم کے وزیر کابینہ میں ہیں تو کیا ان کے خلاف مارچ ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے پشاور میں بشیر بلور کی شہادت پر ان کے گھر جا کر تعزیت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے لوگوں سے کہہ رہے ہیں لوگ موٹر سائیکل، چوڑیاں بیچ دیں، کیا غریب آدمی کے زیورات اور موٹر سائیکلوں کو بیچ کر جلسے کیے جائیں گے، ہم اس قسم کی سیاست کو پاکستان میں چلنے نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ آپ اسلام کو مینار پاکستان کے جلسوں میں کیوں لارہے ہیں، طاہر القادری خود کو شیخ الاسلام کہتے ہیں، ہم تو خود کو خادم اسلام کہلانے سے بھی گھبراتے ہیں، ہم تو اسلام کے خادموں کے بھی خادم ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمارا منشور پاکستان کی خوشحالی ہے، لانگ مارچ کا ساتھ دینے والی حکومتی اتحادی جماعتوں کے نظریات سمجھ سے بالاتر ہیں، وہ صدر زرداری کا ساتھ دیں یا شیخ الا سلام کا، ایم کیو ایم کے وزیر کابینہ میں ہیں تو کیا ان کے خلاف مارچ ہوگا، متحدہ اور ق لیگ کے ووٹرز سے کہتا ہوں ذرا سوچیں اور سجھیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا ہے کہ انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہوں گے، چند ہزار افراد کو 18 کروڑوں عوام کا حق چھیننے نہیں دیں گے، شیخ الاسلام انتشار کا راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں۔